۲۷ آبان ۱۴۰۳ |۱۵ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 17, 2024
جوادی آملی

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے کہا ہے کہ معاشرتی طہارت اور قداست، عفت و حجاب کے ذریعے ممکن ہے اور ان اصولوں کی خلاف ورزی معاشرے کو فساد کی گہرائیوں میں ڈھکیل دیتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن فقہ و حقوق کے اراکین نے آیت اللہ جوادی آملی سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے "عفت و حجاب" کے موضوع پر گفتگو کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آنکھ، زبان، کان اور کردار کی پاکیزگی ایک مہذب معاشرہ تشکیل دیتے ہیں، جبکہ ان اصولوں کی پامالی سے معاشرتی امن خطرے میں پڑ جاتا ہے۔

آیت اللہ جوادی آملی نے کہا کہ خاندان کی بنیاد عفت اور پاکدامنی پر ہے، اور یہ غیرت کے ذریعے محفوظ رہتی ہے۔ انہوں نے غیرت کو صفات الٰہیہ میں سے ایک اہم صفت قرار دیا اور اس کے تین اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی: 1. اپنی شناخت اور حیثیت کو پہچاننا۔ 2. دوسروں کی حدود میں مداخلت نہ کرنا۔ 3. اپنی حدود میں دوسروں کو مداخلت کی اجازت نہ دینا۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنی انسانی شناخت اور اپنے دائرہ کار کو پہچانتا ہے، وہ نہ تو دوسروں کے حقوق پر تجاوز کرتا ہے اور نہ ہی کسی کو اپنے حقوق پامال کرنے دیتا ہے۔ ایسے افراد اور معاشرے بے عفتی کے نقصانات سے محفوظ رہتے ہیں۔

آیت اللہ جوادی آملی نے واضح کیا کہ حجاب اور عفت نہ صرف فرد کی بلکہ معاشرے کی طہارت کے لیے بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرت مند معاشرہ ہی حقیقی ترقی اور امن کی جانب گامزن ہو سکتا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .